سید یوسف رضا گیلانی کی وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد

رانا ثناء اللہ کا سیاسی اور پارلیمانی تجربہ قانون سازی، عوامی مفاد کے معاملات اور جمہوری اقدار کے فروغ میں قیمتی معاونت فراہم کریگا، چیئر مین سینٹ

بدھ 10 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ کو سینیٹر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ رانا ثناء اللہ ایک باصلاحیت، ذہین اور متحرک پارلیمنٹرین ہیں جنہوں نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد اور خدمات کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا سیاسی اور پارلیمانی تجربہ ایوانِ بالا کے لیے قانون سازی، عوامی مفاد کے معاملات اور جمہوری اقدار کے فروغ میں قیمتی معاونت فراہم کرے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نومنتخب سینیٹر اپنے منصب کی ذمہ داریاں پوری محنت اور دیانتداری سے ادا کریں گے اور ملک و قوم کی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان میں رانا ثناء اللہ کی موجودگی نہ صرف ایوان کی فعالیت میں اضافہ کرے گی بلکہ قانون سازی کے عمل کو بھی مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنائے گی۔چیئرمین سینیٹ نے آخر میں نومنتخب سینیٹر رانا ثناء اللہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی نئی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کامیاب فرمائے اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو بارآور بنائے۔