جلالپور پیروالہ سے شہریوں کی نقل مکانی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر ملتان

بدھ 10 ستمبر 2025 20:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ دریائے چناب اور ستلج کے ریلوں سے جلال پور پیر والا میں پانی کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے جس کے باعث شہریوں کی نقل مکانی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کو بچانے کے لئے جلال پور پیر والا کے گرد حفاظتی بند مضبوطی سے قائم ہے جبکہ دیگر عارضی بند بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جلالپور پیر والہ میں بستی عنایت پور کے علاقے میں فلڈ بند پر امدادی کارروائیوں کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر مسلسل پانچویں روز بھی جلالپور پیر والہ میں رہے اور سیلانی صورتحال کے باعث امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ بستی عنایت پور سے ملحقہ فلڈ بند میں شگاف پڑنے سے کئی بستیاں زیر آب آگئی ہیں جس سے جلالپور پیر والہ کے مرکزی فلڈ بند پر بھی دباؤ بڑھا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مکمل چوکس ہے اور تمام مشینری اور وسائل فیلڈ میں موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :