پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ڈنگ جون (کنگڈا) ٹیکنالوجی کے ساتھ تاریخی معاہدہ

بدھ 10 ستمبر 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پنجاب میں صنعتی ترقی کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے چین کی ڈنگ جون (کنگڈا) ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ معاہدہ چین کے شہر جینان میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری تجارت کے زیراہتمام ہونے والی ایک کثیر الشعبہ کانفرنس کے موقع پر عمل میں آیا۔

اس کانفرنس کی میزبانی پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران خاور اور ڈنگ جون (کنگڈا) ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر وانگ زہائی نے کی۔ اعلی سطحی اجلاس میں صوبہ شانڈونگ کے15 ممتاز صنعتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی، جن میں معلوماتی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کلاڈ و ڈیٹا سروسز، زرعی ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، اسمارٹ فرنیچر، صحت اور قانونی خدمات جیسے اہم شعبوں کی نمائندگی شامل تھی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی ای او پی بی آئی ٹی عمران خاور نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ساتھ ہی پاکستان کے اسٹریٹجک فوائد اور پالیسی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور پنجاب میں مواقع کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فریقین نے اس موقع پر ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مفاہمتی یادداشتوں کو بروقت عمل میں لانے کے مشترکہ جائزہ و فالو اپ میکانزم قائم کرنے پر اتفاق کیا۔یہ تاریخی معاہدہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے اہم کردار اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے معاشی ترقی کے حصول کے مشن کو ظاہر کرتا ہے۔