وزیر اعلیٰ بلوچستان سے یو این آئی ایف اے ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، غذائی تحفظ، زرعی ترقی اور دیہی معیشت کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پرتبادلہ خیال

بدھ 10 ستمبر 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے یو این آئی ایف اے ڈی (بین الاقوامی زرعی ترقیاتی فنڈ) کی کنٹری ڈائریکٹر فرنانڈا تھوماز نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں غذائی تحفظ، زرعی ترقی اور دیہی معیشت کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سب سے زیادہ زرعی شعبے پر مرتب ہو رہے ہیں، لہٰذا موسمیاتی موافق زرعی اقدامات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی مزاحم فصلوں اور پائیدار آبپاشی کے نظام کے ذریعے صوبے میں زرعی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی اداروں کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر دیہی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زرعی انفراسٹرکچر، آبپاشی کے نظام اور مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانے کے منصوبے مزید تیزی سے آگے بڑھائے جائیں گے تاکہ کسانوں کو اپنی پیداوار بہتر قیمت پر فروخت کرنے کے مواقع میسر آئیں،انہوں نے یو این آئی ایف اے ڈی کے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں زرعی ترقی اور دیہی خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے ۔ملاقات کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یو این آئی ایف اے ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر کو شیلڈ دی۔