قطر پر حملے کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا دوبارہ جائزہ لے رہے، کینیڈا

جمعرات 11 ستمبر 2025 08:40

اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے کہا ہے کہ ان کا ملک قطر میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیل کے حملے کے بعد اپنے تعلقات کا دوبارہ جائزہ لے رہا ہے۔العربیہ کے مطابق انیتا آنند نے اس حملے کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ قطر کی فضائی حدود کی خلاف ورزی ہے۔ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب قطر امن کے لیے کام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

کینیڈا کی وزیرِ خارجہ نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کی کہ کیا کینیڈا بھی یورپی کمیشن کی طرح کرے گا کہ یورپی کمیشن نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ یورپی یونین کے معاہدے میں تجارتی اقدامات کو معطل کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔ حکمران لبرل پارٹی کے ایک اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انیتا آنند نے کہا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جب ان سے خاص طور پر پوچھا گیا کہ کیا کینیڈا اسرائیل پر کسی قسم کی پابندیاں لگانے پر غور کر رہا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم اپنے اگلے اقدامات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ خاتون وزیر خارجہ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ان کا ملک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر کام کر رہا ہے۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جس کے ستمبر کے آخر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران حقیقت بننے کی توقع ہے۔ یہ ایک ایسی سیاسی تبدیلی ہے جس کی اسرائیل نے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سرکاری طور پر فلسطین کو تسلیم کرنے کی صحیح سمت پر ہونے کے خواہش مند ہیں۔