چیک ریپبلک کا پولینڈ کی فضائی دفاع میں مدد کا اعلان، خصوصی ہیلی کاپٹر بھیجے جائیں گے

جمعرات 11 ستمبر 2025 09:00

پراگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) چیک ریپبلک نے پولینڈ کو ڈرون حملوں کے خطرے سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق چیک وزارتِ دفاع کے مطابق یہ اقدام پولینڈ کی درخواست پر کیا جا رہا ہے تاکہ کم بلندی پر پرواز کرنے والے ڈرونز سے مؤثر انداز میں دفاع کیا جا سکے۔وزارت نے جاری ایک بیان میں کہا کہ چیک افواج ایک سپیشل آپریشنز ہیلی کاپٹر یونٹ روانہ کرنے کے لیے تیار ہیں، جس میں تین خصوصی طور پر ترمیم شدہ Mi-171S ہیلی کاپٹر شامل ہوں گے۔

یہ فیصلہ چیک وزیر دفاع یانا چیرنوچووا اور ان کے پولش ہم منصب وادسلاو کوسینیاک-کامیش کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد سامنے آیا۔وزارتِ دفاع کے مطابق تعینات کیے جانے والے فوجیوں کی تعداد 150 سے زائد نہیں ہو گی اور اس کا انحصار زمینی صورتحال اور لاجسٹک معاونت پر ہوگا۔

(جاری ہے)

چیک وزیر اعظم پیٹر فیالا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر کہا کہ ہمارے ہیلی کاپٹر چند دنوں میں یورپی فضائی حدود کے دفاع میں حصہ لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز پولینڈ کی فضائیہ نے متعدد ڈرونز مار گرائے، جنہیں "روسی ڈرونز" قرار دیا گیا تھا۔ وارسا حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ نیٹو کے رکن ملک کی فضائی حدود میں روسی ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔دوسری جانب روس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ڈرونز یوکرین سے آئے تھے۔ روسی سفارت کار آندرے اورداش کے مطابق، جو پولینڈ میں روس کے ناظم الامور ہیں، ڈرونز کا روس سے کوئی تعلق نہیں۔