دوحہ میں حماس کا دفتر امریکی درخواست پر کھولا گیا تھا‘ قطری وزیراعظم کی تصدیق

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:38

دوحہ میں حماس کا دفتر امریکی درخواست پر کھولا گیا تھا‘ قطری وزیراعظم ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)قطری وزیرِ اعظم محمد بن عبد الرحمٰن بن جاسم بن جبر الثانی نے تصدیق کی ہے کہ حماس کا دفتر دوحہ میں امریکی درخواست پر کھولا گیا تھا۔حالیہ انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں قطری وزیرِ اعظم نے بتایا ہے کہ حماس کا دفتر مکمل شفافیت اور امریکا سے مشاورت کے بعد قائم کیا گیا تاکہ ایک باضابطہ رابطہ چینل کھولا جا سکے جیسا کہ طالبان کے ساتھ کیا گیا تھا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ دوحہ میں حماس کے دفتر کا مقصد حماس کے نظریات کی حمایت نہیں بلکہ خطے میں امن کے قیام اور استحکام کے لیے مذاکراتی عمل کو سہولت فراہم کرنا تھا۔قطری وزیرِاعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے یرغمالیوں کیلئے تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

(جاری ہے)

قطری دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کا جواب علاقائی شراکت داروں سے مشورے کے بعد دیں گے۔

انہوں نے دوحہ میں ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ اس منصونے پر کام جاری ہے، تاہم انہوں نے اس کانفرنس کے لیے کوئی مخصوص تاریخ نہیں بتائی۔قطری وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا جنہوں نے حملہ کرکے یرغمالیوں کے لیے کسی بھی قسم کی امید پر پانی پھیر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جس صبح اسرائیل نے حملہ کیا وہ اسی صبح اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں سے ملاقات کر رہے تھے، جب منگل کو اسرائیل نے حماس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت یرغمالیوں کے اہل خانہ مذاکرات کے لیے دن گن رہے ہیں اور جن کی کامیابی کی اب کوئی امید نہیں ہے۔ہم اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف عالمی عدالت سے انصاف چاہتے ہیں۔