یورپی یونین سربراہ کا اسرائیلی حمایت کے خاتمے، انتہا پسند صہیونی وزرا پر پابندیوں کا عندیہ

اگلے ماہ ادارہ فلسطین ڈونر گروپ قائم کرے گا جس میں غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے ایک ذریعہ بھی شامل ہے،رپورٹ

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:39

سٹراسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئر لاین نے بدھ کو کہا ہے کہ یورپی کمیشن انتہا پسند اسرائیلی وزرا پر پابندیاں لگانے اور اسرائیل سے یورپی یونین کا ایسوسی ایشن معاہدہ جزوی طور پر معطل کرنے کی تجویز پیش کرے گا جس میں تجارت سے متعلق معاملات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

سٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ سے سٹیٹ آف دی یونین کی تقریر میں ارزولا فان ڈئر لاین نے یہ بھی کہا کہ کمیشن اسرائیل کے لیے اپنی دو طرفہ حمایت موقوف کر دے گا لیکن اس سے اسرائیل کی سول سوسائٹی اور اسرائیل کے مرکزی ہولوکاسٹ یادگاری مرکز ید واشیم کے ساتھ کام متثر نہیں ہو گا۔

کمیشن نے پہلے اپنے فلیگ شپ ریسرچ فنڈنگ پروگرام تک اسرائیلی رسائی کو روکنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن اس اقدام کے لیے یورپی یونین کے رکن ممالک سے خاطر خواہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ارزولا فان ڈئر لاین نے کہا، کمیشن اب وہ کرے گا جو وہ خود کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا، ادارہ اگلے ماہ فلسطین ڈونر گروپ قائم کرے گا جس میں غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے ایک ذریعہ بھی شامل ہے۔