ساجدہ فاروق تارڑ کی زیرصدارت محفل جشنِ عید میلادالنبیﷺ کا اہتمام،خواتین وبچوں کی بڑی تعداد میں شرکت

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پبلک سیکرٹریٹ این اے 127 ٹائون شپ میں عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے خواتین کے لئے محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کی۔محفل کی نقابت اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض حفصہ ثاقب نے سرانجام دیئے اور نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کی انسانیت کے لئے رحمت، شفقت اور محبت کے پہلوئوں کو اجاگر کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد حمد و نعت پیش کی گئی ۔ نعت خوانوں نے اپنے خوبصورت کلام سے دلوں کو منور کر دیا۔محفل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنمائوں، کارکنوں اوراہلِ حلقہ کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں ساجدہ فاروق تارڑ نے عید میلادالنبیﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نورانی اجتماع نبی اکرمﷺسے اظہارِ عقیدت اور شکر گزاری کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات بشمول باہمی احترام، احسان مندی اور ہمدردی ہی ایک پرامن معاشرے کی ضمانت ہیں۔محفل کے دوران اقلیتی برادری کے ساتھ رواداری اور منصفانہ سلوک کی اسلامی تعلیمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر بیگم کلثوم نواز کی ساتویں برسی کے موقع پر ان کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کی بھلائی کے لئے دعا کی گئی۔اس موقع پر پی ایس او شہباز طالب، پی ایس او رانا وقاص، اسد ابرار، ایم این اے زینب ہاشم، پارلیمانی سیکرٹری راشدہ لودھی، سابق ایم پی اے فرح دیبا،ایڈوائزر خواتین ونگ رابعہ افضل اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔