شیخ زید ہسپتال کے شعبہ ہیمٹالوجی اور ہیمل فارما سیوٹیکلز کے زیر اہتمام بلڈ کینسر آگاہی واک کا انعقاد

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) شیخ زید ہسپتال کے شعبہ ہیمٹالوجی اور ہیمل فارما سیوٹیکلز کے زیر اہتمام جمعرات کو بلڈ کینسر آگاہی واک منعقد کی گئی ،جس کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر و چیئرمین شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر اکبر حسین نے کی۔واک کا مقصد عوام میں بروقت تشخیص،علاج کے امکانات اور اس مرض کے خلاف اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب میں ہسپتال کے تمام ہیڈزآف ڈیپارٹمنٹس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بلڈ کینسر کے بارے میں آگاہی کے پیغامات درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مونا عزیز گیلانی ڈین ایف پی جی ایم آئی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ہیماٹولوجی اینڈ بلڈ بینک نے کہا کہ بلڈ کینسر کی بروقت شناخت مریض کی زندگی بچا سکتی ہے، عوام کو چاہیے کہ علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ماہرین سے رجوع کریں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان احمد ہیڈ آف میڈیسن ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ جدید علاج اور تحقیق کے ذریعے مریضوں کے نتائج بہتر بنائے جا سکتے ہیں لیکن اس کے لیے عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔جی ایم ہیمل فارما عرفان داد بٹ اور ڈائریکٹر ہیمل فارما ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کہا کہ ہِمیل فارما عوامی صحت کے شعبے میں آگاہی اور فلاحی سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلڈ کینسر جیسے موذی مرض سے نمٹنے کے لیے صرف علاج ہی نہیں بلکہ آگاہی مہمات بھی اتنی ہی اہم ہیں،اس سلسلہ میں ادارے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آگہی واک سے پرنسپل شیخ زید ہسپتال پروفیسر عائشہ ہمایوں،ڈاکٹر حسین فاروق اے پی ہیماٹولوجی ڈیپارٹمنٹ اورڈاکٹر لبنیٰ ریاض ہیڈ آف پیڈز ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ میڈیا آگاہی کو عام کرنے کا سب سے موثر ذریعہ ہے جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا جا سکتا ہے۔آخر میں شرکاء میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :