اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:55

اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائرمیں گزشتہ ہفتے کے دوران 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، اب اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر بڑھ کر 14 ارب 33 کروڑ 63 لاکھ ڈالرہوگئے ہیں۔ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 68 کروڑ ڈالرکی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

ان میں اسٹیٹ بینک کے ذخائرکے علاوہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر بھی شامل ہیں، کمرشل بینکوں کے ذخائر5 ارب 34 کروڑ 46 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ماہرین معاشیات کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ پاکستان کی مالیاتی پوزیشن کے لیے مثبت پیش رفت ہے اور اس سے ملکی کرنسی کے استحکام میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

زرمبادلہ کے ذخائر درآمدات کی ادائیگیوں، قرضوں کی واپسی اورسرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے اہم کردارادا کرتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق آنے والے دنوں میں اگرترسیلات زراوربرآمدات میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو ذخائر کی پوزیشن مزید بہترہو سکتی ہے۔ماہرین نے حکومت پرزور دیا ہے کہ غیر ضروری درآمدات کو کم کیا جائے اور برآمدات کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ذخائر میں پائیداراضافہ ممکن ہو سکے۔