Live Updates

پیکا ایکٹ کے تحت ملک بھر میں 372غیر قانونی مقدمات کا انکشاف لمحہ فکریہ ہے‘ جاوید قصوری

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:59

پیکا ایکٹ کے تحت ملک بھر میں 372غیر قانونی مقدمات کا انکشاف لمحہ فکریہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں پیکا ایکٹ کے تحت ملک بھر میں 372غیر قانونی مقدمات کا انکشاف لمحہ فکریہ ہے اور قابل مذمت ہے ،یہ بل درحقیت حکومت نے اپنے سیاسی مخالفین کے لیے بنایا ہے جس کا مقصد اپوزیشن اور حکومتی اقدامات پر تنقید کرنے والوں کی زبان بند اور ان کوو پابند سلاسل کیا جا سکے، جس کا ثبوت بوگس مقدمات کے اندراج سے واضح ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کی شق 29 کے مطابق، اس قانون کے تحت ہونے والے اقدامات کو کسی عدالت یا ایجنسی کے سامنے چیلنج نہیں کیا جا سکتا ہے جو کہ سراسر بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ہمیشہ میڈیا اور آزادی اظہار رائے کے ساتھ کھڑی ہے۔ متنازع قانون پاکستان میں آزادی اظہار رائے پر قدغن کے مترادف ہے، سخت سزاوں اور بھاری جرمانے کے ذریعے عام آدمی کی رائے کو دبایا نہیں جا سکتا ہے، ایسے قانون دراصل حکومتی نا اہلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کا تسلسل ہیں ، ان سے خیر کی توقع نہیں ، ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو ماسوائے اقتدار کو انجوائے کرنے سے فکر نہیں۔ مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے، آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ، عملاً عوام کے منہ سے نوالہ چھینے کے مترادف ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے سیلاب کی گھمبیر صورتحال اور حکومتی اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر سیلاب نے عوام کی مشکلا ت میں اضافہ کر دیا ہے ۔

40لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ حکومتی ادارے امداد وصول کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہے ۔حالات سنگین ہو چکے ہیں ۔ ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکٹر پر کھڑی تیار فصلیں برباد ہو گئیں ہیں ۔ عوام کو ملکی تاریخ کو سب سے بڑا اور تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات