Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا کی حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی سپلائی پر مبینہ پابندی کی مذمت

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:11

گورنرخیبرپختونخوا کی حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی سپلائی پر مبینہ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکومت پنجاب کی جانب سے کے پی کو گندم کی سپلائی پر مبینہ پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ من مانی پابندی آئین کے آرٹیکل 151 کی کھلی خلاف ورزی اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ ہفتے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ اطلاعات کے مطابق پنجاب سے گندم کی سپلائی معطل کر دی گئی ہے تاہم پنجاب کے، اشیائے خورونوش کی سپلائی برقرار رکھنے اور ان کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے ذمہ دار اہلکاروں نے گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر کسی پابندی کی تردید کی۔

فیصل کریم کنڈی نے ایکس پر کہا کہ31 اگست 2025 کو پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی سپلائی پر لگائی گئی یہ من مانی پابندی آئین کے آرٹیکل 151 کی کھلی خلاف ورزی اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

آئین کا آرٹیکل 151 کہتا ہے کہ پاکستان میں تجارت، کاروبار اور آمدورفت آزاد ہوگی’ تاہم پارلیمنٹ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ’ عوامی مفاد میں صوبوں کے درمیان یا کسی بھی حصے میں تجارت یا کاروبار کی آزادی پر پابندی لگا سکتی ہے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ اس کے نتیجے میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت پنجاب میں تقریباً 1200 روپے اور خیبر پختونخوا میں 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو پہلے ہی مہنگائی سے پریشان خاندانوں پر ناقابلِ برداشت بوجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا کے عوام کی جانب سے اس امتیازی اقدام کی سخت مذمت کرتا ہوں اور وزیرِاعلیٰ پنجاب ( مریم نواز) سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نہ صرف اس پابندی کی مذمت کریں بلکہ فوری طور پر اس زبانی حکم کو واپس لیں۔

فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ صوبائی رکاوٹوں کی وجہ سے غذائی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور کے پی کی پی ٹی آئی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فلور ملز کو گندم کوٹے فراہم کرے تاکہ قیمتیں مستحکم ہوں اور عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔گزشتہ روز کے پی اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی سپلائی پر ’ پابندیوں’ کی مذمت کی گئی اور صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں 68 فیصد اضافے کا ذکر کیا گیا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات