میئرکراچی قائداعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی کے موقع پرکراچی کے شہریوں کی جانب سے مزارِ قائد پر حاضری

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:40

میئرکراچی قائداعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی کے موقع پرکراچی کے شہریوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اسی شہر میں قائداعظم نے پاکستان کا پرچم بلند کیا، یہ لمحہ ہمیشہ ہمارے لیے باعثِ فخر رہے گا، آج کے دن ہمیں تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم قائداعظم کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلیان کراچی کی جانب سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے موقع پر کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی ایس ایم افضل زیدی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد ،جمن دروان اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قائداعظم کا پیغام ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے جس کی روشنی میں ہمیں اپنی منزل کا تعین کرنا ہے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک پرامن، خوشحال اور مضبوط پاکستان کے قیام کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کریں، قائداعظم نے نوجوانوں کو ہمیشہ تعلیم، اتحاد اور نظم و ضبط کی تلقین کی اور آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ان رہنما اصولوں پر عمل کرکے ملک کو مستحکم اور ترقی یافتہ بنائیں، پاکستان کی بقا اور سلامتی اسی میں مضمر ہے کہ ہم قائداعظم کے افکار اور وژن پر کاربند رہیں، انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح دنیا کی تاریخ کے وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی و مذہبی حقوق، معاشی و معاشرتی ترقی اور ان کی ثقافت کے تحفظ کی خاطر ایک آزاد مملکت کے قیام کے لئے پر خلوص اور انتھک جدوجہد کی،اللہ تعالیٰ نے قائداعظم کی قیادت میں آزادی کی اس جدوجہد کو منزل بخشی اور مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد ریاست کی نعمت سے نوازا، قیام پاکستان تاریخ میں اس لئے بھی منفرد اور نمایاں حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ دنیا کے نقشے میں پہلی اسلامی نظریاتی ریاست ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل اور صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی منزل مقصود کے لئے پوری قوم کی اجتماعی کاوش درکار ہے، پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں تک قائد اعظم کی تعلیمات و رہنمائی پہنچانا بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔