استور ،ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کا کنوداس اور جٹیال کے مختلف حصوں میں جاری سینیٹری سیوریج منصوبے کا معائنہ

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:35

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اظہار اللہ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر سینیٹری سیوریج پراجیکٹ اور کنسلٹنٹ ٹیم کے ہمراہ مین روڈ ایریا کنوداس اور امین آباد کالونی جٹیال میں جاری سینیٹری سیوریج منصوبےکے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر منصوبے پر جاری کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے متعلقہ کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں معیاری طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ سینیٹری سیوریج سسٹم شہر کی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہےاور اس کی تکمیل سے عوام کو بہتر صفائی کے نظام اور صحت مند ماحول کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ ٹیم کو تاکید کی کہ منصوبے کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈی جی جی ڈی اے کو منصوبے کی موجودہ پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی جی ڈی اے نے یقین دلایا کہ ادارہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا تاکہ منصوبے کو جلد از جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔\378