روس کی سپین کو ایل این جی کی فراہمی میں رواں سال 50 فیصد کمی ہوئی،رپورٹ

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:58

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سپین کو روسی ایل این جی کی فراہمی میں رواں سال 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ تاس کے مطابق سپین کو روسی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی فراہمی جنوری تا اگست 2025 گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہی ۔

(جاری ہے)

ہسپانوی توانائی کمپنی ایناگاس کے اعدادوشمار کے مطابق اس مدت میں سپین نے روس سے 30,509 گیگاواٹ آور ایل این جی خریدی جو کل درآمدات کا 12.3 فیصد ہے، گزشتہ برس کے پہلے آٹھ ماہ میں یہ مقدار 52,934 گیگاواٹ آور ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آٹھ ماہ میں روس سپین کو ایل این جی فراہم کرنے والا تیسرا بڑا ملک رہا، الجزائر نے کل درآمدات کا 33 فیصد اور امریکا نے 30.7 فیصد فراہم کیا۔اگست 2025 میں سپین نے روس سے 2,152 گیگاواٹ آور ایل این جی درآمد کی جو اگست 2024 میں ریکارڈ کیے گئے 6,367 گیگاواٹ آور کے مقابلے میں خاصی کم ہے۔ایناگاس کے مطابق سپین نے گزشتہ سال روس سے 72,360 گیگاواٹ آور گیس خریدی تھی جبکہ 2023 میں یہ مقدار 72,690 گیگاواٹ آور تھی ، 2024 کے اختتام تک روس سپین کا دوسرا بڑا سپلائر بن گیا تھا۔