Live Updates

پی ٹی آئی ارکان کے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفے آنا شروع

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت کے بعد پارٹی اراکین کی جانب سے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینا شروع ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹرز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے پر غور شروع کردیا ہے۔

سینیٹر دوست محمد اور ذیشان خانزادہ نے اپنی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو ارسال کردیا ہے۔سینیٹر ذیشان خانزادہ کی جانب چیئرمین سینیٹ کو ارسال کیے گئے استعفے کے متن کے مطابق احتجاج کے طور پر متعلقہ 5 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے، یہ استعفیٰ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر دیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر ذیشان خانزادہ نے بطور چیئرمین کمیٹی اوورسیز پاکستانی، ممبر سینیٹ کی خارجہ، فنانس اینڈ ریونیو، کامرس اور نجکاری کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سینیٹر دوست محمد نے بھی سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دیا ہے۔سینیٹر دوست محمد نے حکومتی یقین دہانیاں، انسانی حقوق، فوڈ سیکیورٹی، غربت مٹاؤ اور ریلوے کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا ہے۔اس سے قبل، سینیٹر محسن عزیز نے بھی تمام قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا تھا۔یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر سمیت پی ٹی آئی کے 51 اراکینِ قومی اسمبلی پہلے ہی اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجواچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تاحال ان استعفوں پر کوئی کارروائی نہیں کی جب کہ حکومت کی جانب سے اسپیکر کو سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات