امتیاز محمود کے بیٹے کی جانب سے دائر درخواست پر مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ایم پی اے شیخ امتیاز محمود کے بیٹے عادل امتیاز کی جانب سے دائر درخواست پر مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس جواد ظفر نے شہری عادل امتیاز کی درخواست پر بطور اعتراض کیس کیس سماعت کی۔عادل امتیاز نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف درج تمام نامعلوم مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے۔

تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست پر ناقابلِ سماعت ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا۔ سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جسٹس جواد ظفر نے ریمارکس دیئیکہ آج لاء افسر فرخ آگئے ہیں، لگتا ہے کوئی اہم کیس ہے، ان کو مقدمات کی تفصیل دے دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاء افسر نے موقف اپنایا کہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے اور نشاندہی کی کہ ایک ایسے ہی کیس میں چیف جسٹس نے بے جا استدعا پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ نامعلوم کیسز میں ضمانت اور طلب نہ کیے جانے کی استدعا واپس لیتے ہیں، صرف مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی استدعا پر ہی زور دیتے ہیں۔عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کی جائے جبکہ باقی تمام استدعا بصیغہ واپسی خارج کر دی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔