Live Updates

جلالپور پیر والا میں سیلاب متاثرین کا انخلاء جاری ، ڈرون ٹیکنالوجی سے خشک راشن اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جلالپور پیر والا میں سیلاب متاثرین کے انخلاء اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرین تک خشک راشن اور ضروری اشیاء پہنچانے کے لیے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دور دراز علاقوں میں پھنسے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم ہو رہا ہے۔

تھرمل ڈرونز کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے تاکہ ریسکیو ٹیمیں بروقت رسائی حاصل کر سکیں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب زیب نے فلڈ بند پر نگرانی کیمپ قائم کر کے صورتحال کا خود جائزہ لیا اور اپنی نگرانی میں کشتیوں کے ذریعے شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی امدادی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق بیشتر متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے راشن کی فراہمی اور ریلیف آپریشن مزید تیز ہو گیا ہے۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات