روس نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کر دیے

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:51

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) روس نے پولینڈ کی جانب سے فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ان الزامات کو سیاسی بیانیہ اور بے بنیاد پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔ روسی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیانات میں واضح کیا گیا ہے کہ روسی افواج کی کسی کارروائی میں پولینڈ کی سرزمین پر کوئی ہدف شامل نہیں تھا ۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق، جن ڈرونز کے استعمال کا ذکر کیا جا رہا ہے، ان کا آپریشنل ریجن 700 کلومیٹر سے بھی کم ہے، جو اس الزام کو مزید بے بنیاد ثابت کرتا ہے۔ وزارت خارجہ روس کا کہنا ہے کہ یہ حقائق پولینڈ کی طرف سے پھیلائے گئے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔دوسری جانب، روسی حکام نے نیٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے بیان پر بھی سوالات اٹھائے ہیں، جنہوں نے کہا تھا کہ معاملے کا جائزہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

روس کا مؤقف ہے کہ مارک روٹے اب تک کوئی ٹھوس ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔روسی وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ وہ صورتحال کو کشیدگی سے بچانے کے لیے پولینڈ کی وزارت دفاع سے مشاورت کے لیے تیار ہے ، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی باہمی تعاون اور شفاف مکالمے کی پیشکش کی ہے۔روس کے اس مؤقف کو بین الاقوامی مبصرین نے ایک سفارتی لچک اور کشیدگی کے خاتمے کی کوشش قرار دیا ہے، جبکہ یورپی حلقوں میں یہ معاملہ مزید سنجیدگی سے زیر غور ہے۔

متعلقہ عنوان :