اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن 2025 کالعدم قرار، رجسٹرار کو انتخابی عمل 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کا حکم

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن کے چیئرمین جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی نے اے پی پی ایمپلائز یونین الیکشن 2025 کالعدم قرار دیتے ہوئے رجسٹرار این آئی آر سی کو ووٹر لسٹوں کے آڈٹ کے بعد انتخابی عمل 30 اکتوبر تک مکمل کرنے کا حکم دیدیا ہے ، فاضل جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد ووٹر لسٹ میں نہ تو نام شامل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی حذف کیا جاسکتا ہے ، الیکشن کمیشن ا ٓف پاکستان عام انتخابا ت میں بھی ایسا نہیں کرسکتا ۔

چیئرمین این آئی آرسی جسٹس(ر) شوکت عزیز صدیقی کی سربرہی میں ممبر این آئی آر سی سراج السلام اور منور حسین کی پرمشتمل تین رکنی بنچ نے خضر زمان ملک بنام اے پی پی ایمپلائز یونین کیس کی باقاعدہ سماعت کا آغاز کیا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل چوہدری صغیر جبکہ اے پی پی کی جانب سے حسین حیدر عدالت کےروبرو پیش ہوئے ۔اے پی پی ایمپلائز یونین کی جانب سے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فاضل جج اپنے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ اے پی پی ایمپلائز یونین کے الیکشن 2025 جن کا انعقاد این آئی آر سی کے مجاز افسر مدد علی شاہ نے کرایا تھا اس میں شفافیت نہ تھی ۔

مجاز افسر نے الیکشن شیڈول کے اجراء کے بعد نہ صرف حتمی ووٹر لسٹ سے 24 ووٹرز کے نام حذف کیے بلکہ 3 ووٹرز کو ووٹ پول کرنے کی اجازت دی ، مجاز افسر کو اس کا بلکل بھی اختیار نہ تھا ۔ فاضل جج نےاپنے فیصلے میں کہا کہ رجسٹرار این آئی آر سی سب سے پہلے اے پی پی ووٹر لسٹ کا آڈٹ مکمل کریں گے اس کے بعد تمام گروپس کی مشاورت سے الیکشن شیڈول جاری ہوگا تاہم یہ تمام عمل 30 اکتوبر تک مکمل ہونا چاہیئے ۔