شاہراؤں اور چوکوں پر بھکاریوں کی موجودگی سکیورٹی تھریٹ ہے، فوری ایکشن لیا جائے

بھکاریوں کو چوکوں پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور کائٹ فلائنگ کی شکایت نہیں آنی چاہئے، جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 11 ستمبر 2025 19:51

شاہراؤں اور چوکوں پر بھکاریوں کی موجودگی سکیورٹی تھریٹ ہے، فوری ایکشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی۔ 11 ستمبر 2025ء) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پبلک سروس ڈیلیوری سمیت مختلف پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ چائینز شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی ایک اہم ذمہ داری ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے بھکاری مافیا کے خلاف منظم کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہراوں پر بھکاریوں کی موجودگی ایک مستقل سکیورٹی تھریٹ ہے، ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہاکہ چوکوں پر بھکاریوں کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ سی سی پی او لاہورنے ایس پی سول لائنز (آپریشنز) کو جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل کرائمز پر قابو پانے کے حوالے سے کارکردگی بہتر بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منشیات فروشوں کی بیخ کنی کیلئے کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی معاونت سے چالان بروقت عدالتوں میں چالان جمع کروانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انوسٹی گیشن کے معیار میں بہتری سے عوام کوبروقت ریلیف ملے گا۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، کائٹ فلائنگ کی شکایت نہیں آنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جھپٹہ، سنیچنگ، موٹر سائیکل چوری میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ عوامی درخواستوں کی داد رسی کے عمل کی میں خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران فیلڈ سٹاف سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ سٹاف کے فیڈبیک سے آپریشنل پلاننگ میں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور، ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی(وی وی آئی پی سکیورٹی) طارق عزیز، سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن) نے شرکت کی۔