Live Updates

بھارتی آبی دہشتگردی نقصانات کا باعث بنی لیکن حکومتوں کے ناقص انتظامات سے بھی عوام کا بڑا نقصان ہوا

سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا قائداعظم کے اصولوں سے انحراف نے ملک کو نقصانات سے دوچارکیا، متاثرین کی بحالی کیلئے لانگ مارچ بھی کرنا پڑا تو کر گزریں گے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 11 ستمبر 2025 19:09

بھارتی آبی دہشتگردی نقصانات کا باعث بنی لیکن حکومتوں کے ناقص انتظامات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر 2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے دریائے ستلج تلوار پوسٹ ضلع قصور سے ملحق سیلاب زدہ آبادیوں کا دورہ کیا، دریا اور سیلابی پانی میں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کے پاس جاکر ملاقات کی، امدادی کیمپوں، میڈیکل سنٹرز کا دورہ کیا اور فوڈ پیکج تقسیم کے پرگرامات میں شرکت کی۔

امیر صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، امیر ضلع نور محمد ڈوگر، الخدمت پنجاب وسطی کے صدر اکرام سبحانی بھی ساتھ تھے۔ دورہ میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان، الخدمت رضاکاران اور طبی عملہ کی دن رات محنت اور کوششوں کو خراج تحسین اور شاباش دی گئی۔ لیاقت بلوچ نے کارکنان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کو آزادی ملی۔

(جاری ہے)

قائد با اصول، منظم، دیانت دار اور ارادوں کے پختہ انسان تھے۔ قائداعظم کے پیش نظر آزاد پاکستان میں اسلامی، فلاحی، عدل و انصاف، جمہوری پارلیمانی نظام کا قیام تھا۔ قائد کے اصولوں سے روگردانی کرکے پاکستان کو لاتعداد مسائل سے دوچار کردیا گیا۔ سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ، مفاد پرست سیاست دان اور جاگیردار، وڈیرہ شاہی اور کرپٹ مافیاز نے قائداعظم کے اصولوں سے انحراف کرکے پاکستان کو تعلیمی، معاشی، انتظامی نقصانات سے دوچار کردیا۔

25 کرڑ عوام آج بھی قائد کے ویژن اور مشن پر متحد ہوجائیں تو پاکستان تمام بحرانوں سے نجات پالے گا۔ لیاقت بلوچ نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ بیدار اور صابر قومیں آزمائش کی ہر گھڑی اور امتحان میں سرخرو ہوتی ہیں۔ بھارتی آبی دہشت گردی بڑے نقصانات کا باعث بنی ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سرکاری اداروں کے ناقص انتظامات سے بھی عوام کو بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

قدرتی آفات ے متاثرہ ایام میں حکومتی اور سرکاری ادارے فعال ہوتے ہیں لیکن پیشگی تیاری نہیں کی جاتی۔ موسمیاتی تبدیلوں کی زد میں پاکستان کو تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے بڑے مؤثر اور متفقہ منصوبہ عمل کی ضررت ہے۔ جماعتِ اسلامی سیلاب، اربن فلڈنگ اور طوفانی بارشی ریلوں کے متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کا کام کررہی ہے۔ متاثرین کی بحالی کا کام حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ جماعتِ اسلامی متاثرین کے فصلات، مال مویشی، باغات، بستیوں، آبادیوں کے نقصانات کے ازالہ کے لیے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔ حکومتوں کو غفلت کے مجرمانہ عمل سے روکنے کے لیے متاثرین کے احتجاج، لانگ مارچ کو منظم کرنا پڑا تو یہ اقدام بھی کر گذریں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات