خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور ایسپائر پاکستان کاباہمی اشتراکِ عمل کا فیصلہ

آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ کے لیے معاہدے پر دستخط

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاوراورایسپائر پاکستان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد طلباء کو بااختیار بنانا، اختراعات کو فروغ دینا اور پاکستان کے ٹیکنالوجی سیکٹر کی بحالی ہے۔ اس شراکت داری کے تحت طلباء کو اپنے خیالات کو کامیاب کاروباری ماڈلز میں ڈھالنے کے قابل بنانے کے لئے جدید اے آئی تربیتی پروگرامز، بین الاقوامی اسناد، انٹرپرینیورشپ کی رہنمائی، یرئر پلاننگ ورکشاپس اور سرمایہ کاروں تک براہِ راست رسائی فراہم کی جائے گی ۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق اور ایسپائر پاکستان کے بانی و سی ای او حسن سید نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ پروگرام کے ایم یو بزنس انکیوبیشن سینٹر میں ڈپٹی ڈائریکٹر کیوبک وسیم الحق کی قیادت میں منعقد کیا جائے گا۔ ایسپائر پاکستان کی یہ کاوش کے ایم یو کے 75 ہزار سے زائد طلباء کو جدید تعلیمی مواقع، ہیلتھ کئر میں اختراعات اور کاروباری وسائل فراہم کرے گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ کے ایم یو تعلیمی اور طبی میدان میں جدید ٹیکنالوجیز کے انضمام کے لیے پرعزم ہے اور ایسپائر پاکستان کے ساتھ یہ اشتراک طلباء اور اساتذہ کو ڈیجیٹل دور میں قیادت کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن سید نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کے ٹیک سیکٹر کی بحالی اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔