نجی بینک سے ڈیڑھ ارب فراڈ میں ملوث ملزمان گرفتار

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)شہر قائد کے ایک نجی بینک میں ڈیڑھ ارب روپے کے فراڈ میں ملوث ملزمان کو ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی ای)نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے ایک نجی بینک سے ڈیڑھ ارب فراڈ میں ملوث بینکر اور پی آئی اے کے نائب قاصد کو گرفتار کر کے ان کے تمام اکاونٹس منجمد کر دیے ہیں اور مزید کارروائی شروع کر دیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں بینک افسر عظیم الشان اور پی آئی اے کے ڈیلی ویجز ملازم نائب قاصد کاشان شامل ہیں۔ جنہوں نے انتہائی شاطرانہ طریقے سے یہ بڑی رقم ہتھیائی۔ایف آئی اے کے مطابق اس بڑے فراڈ کے لیے ملزمان نے ایک جعلی کمپنی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کرائی۔

(جاری ہے)

اس کام میں مذکورہ بینک کے تین افسران کی ملی بھگت شامل تھی۔مذکورہ کمپنی کا سربراہ پی آئی اے ملازم کو بنایا گیا۔

بینک سے غن کی گئی رقم پہلے جعلی کمپنی اور وہاں سے نکال کر اپنے ذاتی اکاونٹس میں منتقل کی جاتی رہی۔ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان نے اس جعلی کمپنی کے اکاونٹس سے کروڑوں روپے اپنے اہلخانہ کے نام پر بھی منتقل کیے جب کہ غبن کی گئی رقم سے بیرون ملک دوروں کے لیے سوا کروڑ روپے کے فضائی ٹکٹس بھی بنوائے۔ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف مزید کارروائی شروع کر دی ہے اور تفتیش میں اس فراڈ میں شامل ممکنہ افراد کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔