Live Updates

خواتین یونیورسٹی ملتان نے سیلاب متاثرین کے لیے فلڈ ریلیف ڈرائیو کا آغاز کر دیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:16

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے باقاعدہ فلڈ ریلیف ڈرائیو مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کیمپس میں ڈونیشن بکس اور امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ متاثرہ بچوں کے لیے عارضی سکول بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے ریلیف سامان اور فنڈز جمع کرنے کے لیے متعدد کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

مہم کی نگرانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کریں گی جبکہ فوکل پرسن کے فرائض ڈاکٹر ثمینہ اختر سرانجام دیں گی۔ ایڈوائزری ٹیم میں ڈاکٹر میمونہ خان، ڈاکٹر ملکہ رانی اور ڈاکٹر عذرا لیاقت شامل ہیں۔ فلڈ ریلیف کوآرڈینیٹرز کی ٹیم میں ڈاکٹر فریحہ سہیل، ڈاکٹر اسماء اکبر، ڈاکٹر آسیہ بی بی اور ڈاکٹر صائمہ نسرین کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈونیشن کمپین کی نگرانی ڈاکٹر خدیجہ کنول اور ڈاکٹر ملکہ لیاقت کریں گی جبکہ کمیونیکیشن اور پبلسٹی کی ذمہ داری ڈاکٹر دیبا شہوار، ڈاکٹر شاہدہ رسول اور ڈاکٹر جویریہ احمد کے سپرد کی گئی ہے۔ میڈیا کوریج کے لیے مس انعم زہرہ قریشی چیف کوآرڈینیٹر مقرر ہوئی ہیں جنہیں فوٹوگرافر عدنان اور فرید چشتی کی معاونت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ خوراک کے ریکارڈ، ایجوکیشنل کیمپس، ہیلتھ کیمپس، اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر معاملات کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اس موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں یونیورسٹی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ متاثرہ بچوں کی تعلیم کے لیے عارضی اسکول قائم کیے جائیں گے، ذہنی صحت کی بحالی کے لیے سائیکالوجی کیمپ لگائے جائیں گے، جبکہ متاثرین کو راشن اور مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ رجسٹرار ڈاکٹر ملکہ رانی نے کہا کہ سیلابی ریلے درجنوں جانور بہا کر لے گئے اور زمینوں پر کھڑی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، ایسے میں ہم سب کو خوراک، ادویات اور ضروری سامان عطیہ کر کے متاثرہ خاندانوں کا سہارا بننا چاہیے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات