ملکی معاشی ترقی کیلئے کاروباری طبقہ کو خصوصی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، صدر فیصل آباد چیمبر

جمعہ 12 ستمبر 2025 15:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی کا تمامتر انحصار چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پرہے لہٰذا معاشی ترقی کیلئے کاروباری طبقہ کو خصوصی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی نیز پنجاب میں صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے بزنس کمیونٹی، حکومت پنجاب اوردیگر متعلقہ اداروں کو مربوط اور منظم کوششوں سمیت تمام وسائل بھی بروئے کار لانا ہوں گے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی کا تمام تر انحصار چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں پرہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دودھ پیدا کرنے والے ملکوں میں چوتھانمبر ہے اسی طرح پاکستان نہ صرف پھلوں کی پیداوارمیں خودکفیل ہے جبکہ ان کا ایک بڑا حصہ ضائع بھی ہو جاتا ے۔

(جاری ہے)

مزید برآں پاکستان سے حلال گوشت کی برآمدات کے بعد وسیع امکانات موجود ہیں مگر ابھی تک ہم ان شعبوں کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی ہی نہیں دے سکے جس کی وجہ سے ان شعبوں میں عالمی سطح پر پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری، ہارٹیکلچر اور لائیو سٹاک کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے مگر ان اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کوٹرن کی یا روڈ میپ ہی میسر نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر نے مختلف ممالک کے سفیروں کو مدعوکرنے کا سلسلہ شروع کررکھاہے تاکہ ان کے ساتھ مختلف صنعتی، کاروباری، تجارتی، درآمدی، برآمدی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال یقینی بنایاجاسکے۔