قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور جہد مسلسل ہمارے لئے مشعل راہ ہے، گلشان اختر

جمعہ 12 ستمبر 2025 15:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)انجمن ترقی نسواں کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 77ویں یوم وفات کے حوالے سے تقریب چلڈرن اکیڈمک سنٹر میں منعقد ہوئی،جس کی صدارت چیئر پرسن محترمہ گلشان اختر نے کی،تقریب میں ضلع کونسل کی سابق رکن ادیبہ شہباز،کرن ارمان چٹھہ،صبیحہ افتخار چٹھہ،صائمہ نوید وڑائچ۔

(جاری ہے)

عطیہ نورین ایڈووکیٹ اور شبانہ امداد راجپوت نے بھی خطاب کیا،خواتین کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی،محترمہ گلشان اختر نے کہا ہے کہ قائداعظم نے اپنی بصیرت، جرات اور غیر متز لزل عزم سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن کی شکل میں وہ منزل عطا کی جس کا خواب مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا، قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور جہد مسلسل ہمارے لئے مشعل راہ ہے،ادیبہ شہباز نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی اور ان تھک محنت کی ضرورت پر زور دیا، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے،کرن ارمان چٹھہ نے کہا کہ قائداعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں ہر فرد کو انصاف، برابری اور عزت حاصل ہو، اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ان کا موقف ریاستی اخلاقیات کی معراج تھا جبکہ خواتین کو انہوں نے قومی تعمیر کا بنیادی ستون قرار دیا،انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے صرف کریں اور پاکستان کو قائد اعظم کے ویڑن کے مطابق خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔