بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا خانسپور سروے کیمپ اختتام پذیر

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سول انجینئرنگ کے زیر اہتمام خانسپور، ایوبیہ میں 12 روزہ فیلڈ سروے کیمپ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس کیمپ میں 75 طلبہ اور 15 اساتذہ و عملے نے شرکت کی۔کیمپ کی نگرانی اسسٹنٹ پروفیسر اور انچارج سروے کیمپ ڈاکٹر انجینئر نثار علی خان نے کی۔

طلبہ کو جدید سروے آلات، ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقے اور پہاڑی علاقوں میں عملی مسائل حل کرنے کی تربیت دی گئی۔ڈاکٹر نثار علی خان نے کہا کہ کیمپ کا مقصد طلبہ کو فیلڈ ورک کے لیے درکار عملی مہارتیں فراہم کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں بہتر انجینئر بن سکیں۔ کیمپ کے آخری روز طلبہ اور اساتذہ نے خانسپور میں صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا جس میں مقامی افراد اور معززین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں سینئر نائب صدر ہیومن رائٹس ہزارہ ڈویژن مبشر حسین عباسی اور لوکل یونین کونسل کے سربراہ وقاص احمد شامل تھے۔صفائی مہم میں طلبہ نے پمفلٹس تقسیم کیے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کی ترغیب دی۔ مقامی افراد نے طلبہ کے اس مثبت اقدام کو سراہا اور اسے یونیورسٹی اور کمیونٹی کے درمیان تعاون کی اچھی مثال قرار دیا۔

فیلڈ کیمپ میں طلبہ نے ٹوپوگرافک میپنگ، لیولنگ، ٹراورس سروے اور جی پی ایس و ٹوٹل سٹیشن کے استعمال کی عملی تربیت حاصل کی۔ طلبہ کی کارکردگی کو عملی کاموں اور رپورٹوں کی بنیاد پر جانچا گیا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ آئندہ بھی ایسے تربیتی کیمپس منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو نہ صرف فنی تعلیم بلکہ معاشرتی ذمے داری کا احساس بھی دلایا جا سکے۔