بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے خواتین کیمپس میں دو روزہ سیرت کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے خواتین کیمپس میں رحمت اللعالمین ﷺ کے عشرے کی مناسبت سے دو روزہ سیرت کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس ایڈوائزر، خواتین کیمپس کی جانب سے کیا گیا۔کانفرنس میں طالبات اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مختلف مقررین نے سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں موجودہ دور کے مسائل اور ان کے حل پر روشنی ڈالی۔پہلے دن کی نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ سٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر رخشندہ طارق نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سیرتِ طیبہ کو انفرادی و اجتماعی اصلاح کا ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ہارون الرشید، ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ اور ڈاکٹر ساجدہ جمیل نے نوجوانوں، خواتین کی تربیت اور ربیع الاول کی اہمیت پر مدلل خطابات کئے۔

(جاری ہے)

دوسرے دن ڈاکٹر فریال عنبرین، ڈاکٹر سلمیٰ سہول اور افرا بتول نے سیرتِ نبوی ﷺ کے ذریعے قومی یکجہتی، امت مسلمہ کے مستقبل اور ایمان کی تکمیل جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی۔اختتامی کلمات میں انچارج خواتین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود نے کانفرنس کے انعقاد پر طلبہ، منتظمین اور مقررین کو سراہا اور کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ ہمارے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے جسے اپنا کر ہم ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :