پنجاب یونیورسٹی اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون کا معاہدہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)پنجاب یونیورسٹی اوریونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کے درمیان تعلیمی تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ۔ معاہدے کی رو سے پنجاب یونیورسٹی ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور کو اپنے وسائل تک رسائی فراہم کرے گی۔اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میںمنعقد ہوئی ۔

تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اوروائس چانسلر ہوم اکنامکس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان،ڈائریکٹر اورک یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس ڈاکٹر ارم رباب و دیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم او یو کا بنیادی مقصد پنجاب یونیورسٹی اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے درمیان تعاون پر مبنی رشتہ قائم کرنا ہے تاکہ پنجاب یونیورسٹی میں دستیاب منتخب لیبارٹری اور شعبہ جاتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے طلباء کی تعلیمی اور عملی تربیتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی اور کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کے طلباء کو کمپیوٹنگ پروگراموں، نفسیاتی جانچ کے آلات اور بی ایس سائیکالوجی کے طلباء کے لیے تجرباتی سیٹ اپس کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل لاجک ڈیزائن لیبز تک رسائی فراہم کرے گا اور مشترکہ کام کی نمائش یا مشترکہ کام کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے سماجی چیلنجوں سے نمٹنے میں سرکاری یونیورسٹیوں کی شراکت داری کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں یونیورسٹیاں اختراعی آئیڈیاز کے لیے کام کریں گی جس سے معاشرے کو فائدہ پہنچے ۔ پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین نے کہا کہ یہ اشتراک ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے طلباء کو ان کے علم میں اضافہ کرکے بااختیار بنانے میں مفید ثابت ہوگا۔