Live Updates

اقلیتوں کی احساس کمتری ختم کرنا ہی حکومت پنجاب کا ویژن ہے،رمیش سنگھ اروڑہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) مریم کا خواب۔۔۔اقلیت دوست پنجاب کے عنوان سے ایجوکیشنل اسکالرشپ برائے مستحق اقلیتی طلبہ کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی،جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے فیصل آباد ڈویژن کے290 طلبہ و طالبات کے مابین میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک تعلیمی وظائف کے چیکس تقسیم کئے۔

پنجاب بھر کے1016 اقلیتی طلبہ اس اسکالرشپ پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ انٹرمیڈیٹ طلبہ کو 30 ہزار روپے اور ماسٹرز ڈگری کے طلبہ کو ایک لاکھ روپے تک کے چیکس دیئے جا رہے ہیں۔اپنے خطاب میں صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں اپنی کمیونٹی کی بہترین نمائندگی کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پڑھی لکھی ماں ہی پڑھے لکھے معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے، لہذا آنے والی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تعلیم پر خصوصی فوکس ہے اور ایجوکیشن منسٹر دن رات اس شعبے کی بہتری کے لیے سرگرم ہیں تاہم اقلیتوں کی احساس کمتری ختم کرنا حکومت پنجاب کا ویژن ہے۔اس مقصد کے لیے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے 75ہزار اقلیتی خاندانوں کو مینارٹی کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ بنیادی سہولتوں تک ان کی بہتر رسائی ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر انہوں نے بھارت کی جانب سے 9 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے پر تشویش کا اظہار کیا جس کے باعث پنجاب میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف دن رات سیلاب متاثرین کے لیے سرگرم عمل ہیں جبکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی خدمات مثالی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان محبت، اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے۔

مسیحی برادری نے تعلیم، صحت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ملک کی نمایاں خدمت کی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اقلیتی نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اسکلز اور سی ایس ایس کی تیاری کے لیے اکیڈمی کی مفت خدمات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محنت کریں، وہ وقت دور نہیں جب مسیحی نوجوان ڈپٹی کمشنر، آر پی او اور سی پی او کے عہدوں پر فائز ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتیں برابر کے شہری ہیں اور یہ میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف دونوں کا ویژن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس کے دو بیچز مکمل ہو چکے ہیں اور ان کے تمام اخراجات حکومت پنجاب نے برداشت کیے ہیں۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول، سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی حاجی اکرم انصاری، خالد پرویز گل، رانا شعیب ادریس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، سیاسی قائدین، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات