مسابقتی کمیشن نےروٹ 2 ہیلتھ(پرائیویٹ)لمیٹڈکی مخصوص شیئرہولڈنگ کے حصول کی منظوری دے دی

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)نے اے زیڈ ٹی فاؤنڈیشن کو روٹ 2 ہیلتھ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی مخصوص شیئرہولڈنگ کے حصول کی منظوری دے دی ۔شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے تحت اے زیڈ ٹی فاؤنڈیشن فروخت کنندگان توصیف احمد خان، زینب عباس اور جاوید حسین سے روٹ 2 ہیلتھ کے مخصوص شیئرز حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

اے زیڈ ٹی فاؤنڈیشن متحدہ عرب امارات میں قائم ایک تنظیم ہے جو مذکورہ بالا شخصیات کی جانب سے اثاثوں کی ہولڈنگ اور مینجمنٹ کے مقصد کے لئے قائم کی گئی تھی جبکہ روٹ 2 ہیلتھ پاکستان میں نیوٹراسیوٹیکلز اور ہیلتھ سپلیمنٹس کی مینوفیکچرنگ، مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کے کاروبار سے منسلک ہے۔کمیشن کے جائزے میں نیوٹراسیوٹیکل اور ہربل سپلیمنٹس کی متعلقہ پروڈکٹ مارکیٹ کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 11 کے تحت اس لین دین کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے متعلقہ مارکیٹ میں غلبہ پیدا ہونے کا امکان نہیں اور نہ ہی یہ مارکیٹ میں مقابلے میں کمی کا باعث بنے گا۔