کراچی کے شہری اس وقت بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں، شمسہ مہ جبین

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر شمسہ مہ جبین نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری اس وقت بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ جن اداروں کی ذمہ داری ہے، وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ گٹر ابل رہے ہیں، گلیاں جوہڑ بن چکی ہیں، اور بیماریاں ہر گلی کوچے میں پھیل رہی ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جو اذیت دی جا رہی ہے، وہ صرف ناقص انتظامیہ کی وجہ سے نہیں بلکہ اس نظام کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس میں عوام صرف ووٹ دینے کے بعد فراموش کر دیے جاتے ہیں۔ بارش کے بعد کی صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے تمام دعوے کھوکھلے تھے۔

(جاری ہے)

شمسہ مہ جبین نے کہاکہ صدائے انسانیت گزشتہ کئی دنوں سے مختلف علاقوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر رہی ہے۔

خواتین، بزرگ اور بچے گندے پانی سے گزر کر گھروں کو پہنچ رہے ہیں۔ راستے بند ہیں اور بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ یہ صورتحال کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔انہوں نے حکومت سندھ، شہری حکومت اور بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر صفائی، نکاسی آب اور جراثیم کش مہمات شروع کی جائیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سول سوسائٹی اور دیگر ویلفیئر اداروں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر عوام کی آواز بنیں، کیونکہ خاموشی اب جرم بن چکی ہے۔شمسہ مہ جبین نے واضح کیا کہ صدائے انسانیت آرگنائزیشن آئندہ دنوں میں عوامی آگاہی اور امدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ، حکومتی اداروں کو یاد دہانی کرائے گی کہ یہ شہر صرف سیاست کرنے کے لیے نہیں، بلکہ عوام کی خدمت کے لیے ہے۔