Live Updates

انسانیت کی خدمت مصطفوی تعلیمات کا ناگزیر جزو ہی: علامہ رانا ادریس

جمعہ 12 ستمبر 2025 19:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعتہ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور فلاح عامہ مصطفوی تعلیمات کا ناگزیر جزو ہے۔ آقا کریمؐ کی ولادت منانے اور اظہار عقیدت و محبت کا بہترین طریقہ اس وقت سیلاب متاثرین کی مدد ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت ہے، سیلاب کی ناگہانی آفت کی وجہ سے ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے مال و اسباب سیلاب میں بہہ گئے، یہاں تک کہ بعض خاندانوں کی بیٹیوں کے جہیز اور ان کے استعمال کی ضروری اشیا بھی پانی میں بہہ گئی ہیں، انسانیت کے ناطے صاحب حیثیت افراد پر یہ لازم ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کریں اوراظہار تشکر کریں کہ اللہ نے آپ کو اس آفت سے محفوظ رکھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مدد کی بہت ساری شکلیں ہو سکتی ہیں، بے گھر ہونے والے متاثرین کو اپنے خاندان کے فرد کی طرح اپنے ساتھ اکاموڈیٹ کریں جب تک متاثرین کے گھر رہنے کے قابل نہیں ہو جاتے انہیں احساس دلائیں کہ بحیثیت مسلمان اور بحیثیت پاکستانی وہ تنہا نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز و طبی عملہ متاثرہ مقامات پر خدمت انجام دے کر اپنا فرض نبھائیں، مشکل کا شکار لوگوں کی مدد کرنا ہی اصل اسلام ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عالمی میلاد کانفرنس کا پروگرام مینار پاکستان نہ کر کے اور انتظامی اخراجات کا پیسہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کر کے یہ تعلیم دی ہے کہ اس وقت دکھی انسانیت سب سے زیادہ ہماری توجہ کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو براہ راست سیلاب متاثرین کی مدد اور خدمت انجام نہیں دے سکتے وہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جیسے قابل اعتماد اداروں کے ذریعے اپنا فرض پورا کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات