Live Updates

گمنام کرکٹر نے پہلے روہت، پھر رضوان کو پیچھے چھوڑا، اب ویرات نشانے پررکھ لیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:36

گمنام کرکٹر نے پہلے روہت، پھر رضوان کو پیچھے چھوڑا، اب ویرات نشانے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) سپر اسٹار کرکٹرز کے درمیان گمنام ستارے نے ریکارڈ ہولڈر روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب ویرات نشانے پر ہے۔ایشیا کپ کے پہلے میچ میں دنیائے کرکٹ کے نامور ستاروں کے درمیان ایک قدرے گمنام کرکٹر نے سابق بھارتی کپتان اور ریکارڈ ہولڈر بیٹر روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر تاریخ رقم کر دی۔

ایشیا کپ کا افتتاحی میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں گوکہ ہانگ کانگ کو شکست ہوئی، لیکن اس کے بلے باز بابر حیات نے میچ میں 39 رنز بنانے کے ساتھ ایک بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ہانگ کانگ ٹیم کے نائب کپتان بابر حیات اس اننگ کے ساتھ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ اعزاز روہت شرما کو حاصل تھا، جو اب چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔بابر حیات نے ایشیا کپ ٹی 20 کے چھ میچوں میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 274 رنز بنا لیے ہیں۔ جب کہ روہت شرما نے اس فارمیٹ میں ایشیا کپ کے 9 میچوں میں دو نصف سنچریوں کے ساتھ 271 رنز بنا رکھے تھے۔اس سے اگلے میچ میں انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف صرف 14 رنز کی مختصر اننگ کھیلی۔

تاہم یہ مختصر اننگ بھی انہیں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے آگے کر گئی۔ جو اس سے قبل 281 رنز بنا کر دوسرے نمبر تھے۔ اب 288 رنز کے ساتھ وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔نو آموز کرکٹ ٹیم اپنا اگلا میچ پیر 15 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ اس میچ میں ان کی نظریں اپنے سے ایک قدم آگے نمبر ون پوزیشن پر موجود ویرات کوہلی پر ہوں گی۔ تاہم اس کے لیے انہیں بڑی اننگ کھیلنا ہوگی۔

ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں 429 رنز بنا رکھے ہیں۔ بابر حیات کو ویرات کوہلی کی نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمانے کے لیے کم از کم 148 رنز کی اننگ درکار ہوگی۔واضح رہے کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی دونوں ٹی 20 کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ جب کہ محمد رضوان مختصر فارمیٹ کے لیے کافی عرصہ سے سلیکٹر کا اعتماد حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات