فل سالٹ کا ریکارڈ توڑ اننگ کھیلنے کے بعد اہم اعلان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 13:31

فل سالٹ کا ریکارڈ توڑ اننگ کھیلنے کے بعد اہم اعلان
اولڈ ٹریفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ نے شاندار اور ریکارڈ توڑ اننگ کھیل کر نئی تاریخ رقم کردی انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ہدف دنیا کا بہترین ٹی ٹوئنٹی بلے باز بننا ہے۔29سالہ سالٹ نے اولڈ ٹریفورڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 60 گیندوں پر ناقابلِ شکست 141 رنز بنا کر ریکارڈ توڑ دیا۔

ان کی اننگ میں 23 بار باؤنڈریز لگیں، جن میں 8 بلند و بالا چھکے بھی شامل تھے۔سالٹ نے 235 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی بولرز کو بے بس کر دیا۔سالٹ نے صرف 39 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے انگلینڈ کا تیز ترین ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ توڑ ڈالا جو اس سے قبل لیام لیونگسٹون کے پاس تھا۔ان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی میں دو وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز اسکور کیے جو ایک نیا ریکارڈ ہے اور پھر جنوبی افریقہ کو 158 رنز پر ڈھیر کرکے 146 رنز سے فتح حاصل کی۔

(جاری ہے)

فل سالٹ نے اس اننگ کے ساتھ اپنا ہی پچھلا ریکارڈ توڑ ڈالا، جو انہوں نے 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 119 رنز بنا کر قائم کیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں ایلیکس ہیلز کے 116 رنز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز کی فہرست میں سب سے اوپر آ گئے۔یہ سالٹ کی چوتھی ٹی ٹوئنٹی سنچری تھی، جس سے یہ بات مزید مضبوط ہو گئی کہ وہ دنیا کے سب سے خطرناک بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔

اس شاندار اننگ نے انہیں جوس بٹلر اور ڈیوڈ ملان جیسے بڑے ناموں کے برابر کھڑا کر دیا ہے، جو انگلینڈ کے مستقل اور کامیاب ترین ٹی ٹوئنٹی پرفارمرز مانے جاتے ہیں۔اس جیت کے ساتھ تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، جبکہ فیصلہ کن مقابلہ اتوار کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فل سالٹ نے کہا کہ کریز پر زیادہ دیر رہنے کا مزہ آتا ہے، میرا مقصد کھیل پر اثر ڈالنا ہے، جتنا ممکن ہو میچ کو گہرائی تک لے جانا اور ساتھ ہی تیز اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھنا۔ یہ دونوں چیزیں اکٹھے کرنا مشکل ہے لیکن میں یہی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔’’انہوں نے مزید کہا کہ میرا اگلا ہدف بالکل واضح ہے کہ میں دنیا کا بہترین ٹی ٹوئنٹی اوپنر بننا چاہتا ہوں۔