Live Updates

دبئی: کاروباری شخصیت نے ملازمین میں پاک بھارت ٹاکرے سمیت ایشیاء کپ کے 700 ٹکٹ مفت تقسیم کر دیے

فیکٹری مالک اور سماجی شخصیت انیس ساجن نے اپنی کمپنی میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے اور کرکٹ فینز کیلئے 700 ٹکٹس کا انتظام کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 ستمبر 2025 10:57

دبئی: کاروباری شخصیت نے ملازمین میں پاک بھارت ٹاکرے سمیت ایشیاء کپ ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 ستمبر 2025ء ) دبئی میں فیکٹری مالک نے اپنے محنت کشوں میں پاک بھارت میچ سمیت ایشیا کپ کے 700 ٹکٹ مفت تقسیم کر دیے۔ 
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جانا ہے جس کو شائقین کا بے صبری سے انتظار ہے۔
دبئی میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں جہاں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے اور شائقین کرکٹ کی ٹکٹس کی تلاش جاری ہے وہیں دبئی میں محنت کشوں میں پاک بھارت میچ سمیت ایشیا کپ کے 700 فری ٹکٹس بھی تقسیم کردیے گئے۔

 
دبئی میں سرگرم کامیاب کاروباری اور سماجی شخصیت انیس ساجن نے اپنی کمپنی میں جنوب ایشیا سے تعلق رکھنے والے اور کرکٹ فینز کیلئے 700 ٹکٹس کا انتظام کیا اور ٹکٹس تقسیم کیے تاکہ کرکٹ کے شیدائی دبئی میں میچز دیکھیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انیس ساجن نے کہا کہ وہ بھی کرکٹ کا جنون رکھتے ہیں اور ہمیشہ کرکٹ کے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے تاب رہے ہیں مگر اب ان کی خواہش ہے کہ دبئی میں بسے محنت کش اپنے کرکٹ اسٹارز کو میدان میں ایکشن میں دیکھیں تو انہوں نے کرکٹ میچز کے ٹکٹس بطور تحفہ دیے ہیں۔

 
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے کئی مقابلے ہونے ہیں اور فائنل بھی ہونا ہے تو ان میچز کیلئے انیس ساجن نے پاکستانی، بھارتی، بنگلا دیشی، سری لنکن، نیپال، افغانستان کے محنت کشوں کو ٹکٹس فراہم کیے ہیں۔ 
کرکٹ فینز کو نہ صرف ٹکٹس فراہم کیے گئے بلکہ میچز کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی فری سروس بھی فراہم کی جائے گی۔ 
انیس ساجن نے کہا کہ زیادہ تر کرکٹ شائقین پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے میں دلچسپی لے رہے تھے تو انہوں نے قرعہ اندازی کرکے کرکٹ فینز کا انتخاب کیا اور ٹکٹس تقسیم کیے۔

 
موجودہ حالات میں پاک بھارت میچ اور اماراتی حکومت کے رواداری مشن کے حوالے سے کاروباری شخیصت انیس ساجن نے کہا کہ دبئی میں محنت کش، پاکستان سے ہوں یا بھارت سے ، سب ساتھ مل کر میچز دیکھنے جاتے ہیں، اپنی ٹیم کی فتح کا جشن مناتے ہیں مگر پھر ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر ہنسی خوشی واپسی گھر کو لوٹتے ہیں، یہی اماراتی معاشرے کی پہچان ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات