Live Updates

ٹیم کو جہاں ضرورت ہوتی ہے اس نمبر پر کھیلنے کو تیار رہتا ہوں: محمد حارث

پرفارمنس نہ ہو تو بہت تنقید ہوتی ہے، ٹیم مینجمنٹ نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، کوشش ہوتی کہ ان کے بھروسے پر پورا اتروں : وکٹ کیپر بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 ستمبر 2025 11:52

ٹیم کو جہاں ضرورت ہوتی ہے اس نمبر پر کھیلنے کو تیار رہتا ہوں: محمد حارث
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 ستمبر 2025ء ) پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے اپنی بیٹنگ پوزیشن پر لب کشائی کردی۔
دبئی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ ٹیم کو جہاں ضرورت ہوتی ہے اس نمبر پر کھیلنے کو تیار رہتا ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ پرفارمنس نہ ہو تو بہت تنقید ہوتی ہے، ٹیم مینجمنٹ نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، کوشش ہوتی کہ ان کے بھروسے پر پورا اتروں۔

 
محمد حارث نے کہا کہ کل آرام کریں گے، 14 ستمبر کو اچھا مقابلہ کریں گے۔ 
پاکستان اور بھارت ٹی ٹونٹی بین الاقوامی مقابلوں میں 13 بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں اور بھارت کو 10-3 کی برتری حاصل ہے۔ 
روایتی حریفوں کے مابین آخری ٹاکرا فروری میں دبئی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے دوران ہوا تھا جہاں ہندوستان نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

 
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمان کو 93 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ 
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے عمانی بیٹرز پاکستانی بولر کے سامنے بے بس دکھائی دیے، پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 67 بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ 
عمان کی جانب سے حماد مرزا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

عامر کلیم 13، شکیل احمد 10، محمد ندیم 3، ونایک شکلا 2، حسنین شاہ 1، کپتان جتندر سنگھ 1، شاہ فیصل 1، سفیان محمود 1 اور ذکریا اسلام 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ 
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم، فہیم اشرف اور صائم ایوب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔

 
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان 29، محمد نواز 19، فہیم اشرف 8 اور حسن نواز9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب 23 اور 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد ندیم نے 1 وکٹ حاصل کی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات