ایبٹ آباد،ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی ذہنی صحت اور بحالی کے لیے نفسیاتی میڈیکل کیمپ کا انعقاد\

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں قیدیوں کی ذہنی صحت اور بحالی کے لیے نفسیاتی میڈیکل کیمپ لگایا گیا ۔نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں قیدیوں کی ذہنی صحت اور بحالی کے لیے ایک روزہ نفسیاتی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ، جس کا مقصد جیل میں مقید افراد کو ذہنی دباؤ،ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مشاورت اور علاج کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

کیمپ میں ماہرین نفسیات،جنرل فزیشنز اور این سی ایچ ڈی کی ٹیم نے شرکت کی۔ماہرین نے قیدیوں کا فرداً فرداً معائنہ کیا ان سے بات چیت کی،ان کے مسائل سنے اور ان کے مطابق علاج کی رہنمائی فراہم کی جبکہ متعدد قیدیوں کو نفسیاتی مشورے،ابتدائی طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئیں۔

(جاری ہے)

کیمپ میں شریک ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی امراض اکثر نظر انداز کیے جاتے ہیں، بالخصوص جیل جیسے حساس ماحول میں جہاں قیدی ذہنی دباؤ،احساسِ محرومی اور بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہوتے ہیں ایسے میں نفسیاتی امداد اور مشاورت نہایت ضروری ہے تاکہ قیدی ایک بار پھر معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں۔

ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کے سپرنٹنڈنٹ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی ذہنی صحت کی دیکھ بھال جیل اصلاحات کا ایک اہم پہلو ہے۔این سی ایچ ڈی کے تعاون سے اس جانب اہم پیش رفت کی گئی ہے۔انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ مستقبل میں بھی ایسے کیمپس کو باقاعدہ بنیادوں پر منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :