Live Updates

گندم کی قیمتوں پر فوری قابو پا لیا، کسی کو بھی عوا م سے لو ٹ مارکی اجازت نہیں دینگے‘سہیل شوکت بٹ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 17:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہاہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ریلیف اقدامات مسلسل جاری ہیں، حکومت پنجاب آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی‘حکومت پنجاب متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں عملی کردار ادا کر رہی ہے، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام ادارے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے شبانہ روز کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سہوہدرہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین 200 خاندانوں میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد،اے سی سی جی فیصل سلطان،اے سی وزیر آباد،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوجرانوالہ ڈوثرن ارشاد وحید،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سمیرا اقبال و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہمحکمہ سوشل ویلفیئر کا عوامی خدمت کا شاندار جذبہ، ضلعی انتظامیہ اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے جاری ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شبانہ روز کاوشیں متاثرین کے لیے سہارا ہیں،جانوروں اور فصلوں کے نقصان کا ازالہ حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پرائیویٹ افراد اور تنظیمیں بھی سیلاب ریلیف کے کاموں میں شریک ہیں‘100 سے زائد این جی اوز کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کا فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ،حکومت نے گندم کی قیمتوں پر فوری قابو پا لیا، کسی کو بھی عوا م سے لو ٹ مارکی اجازت نہیں دینگے۔ اس موقع پرمتاثرین سیلاب نے وزیراعلی پنجاب اور صوبائی وزیر کے ریلیف اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات