Live Updates

جہلم ویلی کی یونین کونسل چکہامہ عوامی ایکشن کمیٹی (وارڈ شرقی) کا ایک اہم اجلاس

ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:06

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء)جہلم ویلی کی یونین کونسل چکہامہ عوامی ایکشن کمیٹی (وارڈ شرقی) کا ایک اہم اجلاس گڑتھامہ، باغ میں زیرِ صدارت وقارانجم خان یوسفزئی منعقد ہوا،جس میں وقارانجم،راجہ عبدالقدیر و دیگر نے خطاب کیا،میٹنگ میں عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اجلاس میں علاقے کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور اُن کے حل کے لیے 29 ستمبر کی ہڑتال کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی کے عہدیداران، مقامی عمائدین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عوامی ایکشن کمیٹی ہی واحد آپشن ہے، اگر حکمران طبقہ عوام کو ریلیف فراہم، بنیادی سہولیات مہیا کرتا تو آج عوام کو کسی دوسرے پلیٹ فارم کا رخ نہ کرنا پڑتا، عوامی ایکشن کمیٹی کسی ادارے یا ریاست کے خلاف نہیں بلکہ صرف اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جو نصف صدی سے زائد برسوں سے غصب کیے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ عام آدمی جب اپنے حقوق کی بات کرتا ہے تو اُسے انڈین ایجنٹ قرار دے دیا جاتا ہے،حالانکہ کشمیری عوام بالخصوص جہلم ویلی کے سرحدی علاقوں کے عوام نے ہمیشہ اپنی پاک فوج سے محبت اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے اداروں کو ڈھال بنا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے،اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 29 ستمبر کو جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مکمل بند اور عوام اپنی قوت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے،مہنگائی، بیروزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے جبکہ حکومت اور ادارے ان مسائل کے حل میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پرامن، جمہوری اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے جاری رکھی جائے گی،رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ 29 ستمبر کو بڑی تعداد میں ہڑتال میں شریک ہو کر اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں، اجلاس کے اختتام پر علاقائی اتحاد، عوامی یکجہتی اور اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات