Live Updates

امیر الدین میڈیکل کالج کا سپورٹس ویک شاندار اور پروقار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) امیر الدین میڈیکل کالج کا سالانہ سپورٹس ویک شاندار اور پروقار تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بطور مہمانِ خصوصی اور پروفیسر مینزہ سعید نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی، جبکہ پرنسپل پی جی ایم آئی/اے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے صدارت کے فرائض انجام دئیے۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ یہ طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صبر و تحمل جیسی مثبت خصوصیات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے طلبہ کو اپنی مصروف تعلیمی زندگی کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور حصہ لینا چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں زیادہ بہتر انداز میں معاشرے کی خدمت کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کا صحت مند اور فعال رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مہمانِ خصوصی عبدالرزاق نے اس موقع پر مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل صرف وقت گزاری یا تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ انسان کی شخصیت کو نکھارتے اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ کھیلوں کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں تاکہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک متوازن اور مثبت شخصیت کے مالک بن سکیں۔ عبدالرزاق نے طلبہ کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اختتامی تقریب میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ندرت سہیل، پروفیسر محمد شاہد سمیت کالج کی فیکلٹی اور بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوئے۔

اس موقع پر کھیلوں کے مختلف مقابلوں کی جھلکیاں پیش کی گئیں اور طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے پروفیسر محمد شاہد، سٹوڈنٹس اسپورٹس پریزیڈنٹ محمد عمران، عشرت پروین اور دیگر ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھیں گے تاکہ طلبہ کو صحت مند اور مثبت مواقع فراہم ہوتے رہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات