کوہِ سلیمان میں شجرکاری کو فروغ دینے کیلئے گریٹر فورٹ منرو پراجیکٹ منصوبے کا آغاز کیا جارہا ہے، پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:31

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے یونیورسٹی کے اساتذہ کے ہمراہ وڈور نالہ کا دورہ کیا۔وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ رود کوہیوں کے باعث ہر سال علاقے کو مکانات، فصلوں، مال و اسباب اور مویشیوں کے نقصانات کا سامنا رہتا ہے۔ اگر ان پانیوں کو درست طور پر قابو میں لایا جائے تو یہی پانی زحمت کے بجائے رحمت بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی کے پاس ماہرین کی ٹیم موجود ہے جس میں آبپاشی و نکاسی کے ماہرین، زرعی انجینئرز اور ماحولیاتی محققین شامل ہیں جو علاقے کا تفصیلی سروے کر کے قابلِ عمل تجاویز مرتب کریں گے۔ یہ تجاویز ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے عملی جامہ پہنائی جائیں گی تاکہ اس دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے مزید کہا کہ غازی یونیورسٹی خطے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

اسی سلسلے میں ’’گریٹر فورٹ منرو پراجیکٹ‘‘ کے نام سے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت کوہِ سلیمان میں شجرکاری کو فروغ دیا جائے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف ماحولیاتی توازن بہتر ہوگا بلکہ رود کوہی جیسے بڑے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ غازی یونیورسٹی محکمہ جنگلات کے تعاون سے سخی سرور روڈ پر ایک وسیع چراگاہ قائم کرے گی تاکہ مقامی مویشی پال افراد کو سہولت فراہم ہو اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ غازی یونیورسٹی صرف تعلیم و تحقیق تک محدود نہیں بلکہ خطے کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :