اللہ تعالیٰ نے حبیب ؐکو بحیثیت معلم بنا کر پوری انسانیت کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ بنایا،محمدعارف

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:20

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)جشنِ عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول نوکنڈی میں ایک پروقار محفلِ میلاد منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت قائم مقام پرنسپل امین آزاد نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی سپرنٹنڈنٹ ڈی ای او آفس چاغی محمد عارف تھے۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طلباء نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ نعتیہ کلام اور سیرت النبی ؐ پر تقاریر پیش کیں۔

(جاری ہے)

پروگرام میں اساتذہ، طلباء اور معزز مہمانوں نے شرکت کی ،خطاب کرتے ہوئے محمد عارف اور امین آزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ؐکو بحیثیت معلم بنا کر پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ بنایا۔ آپؐ نے انسانوں کو بھلائی، اخوت اور محبت کا راستہ دکھایا اور برائی و گمراہی سے روکا۔ مقررین نے کہا کہ اگر ہم حضور ؐ کی ذات اور سیرتِ طیبہ سے حقیقی محبت کریں اور ان کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنائیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی و سرخروئی ہماری مقدر بن سکتی ہے،تقریب کے اختتام پر محفل میں حصہ لینے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ دعا کے ساتھ بابرکت محفل کا اختتام کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :