Live Updates

صوبائی وزرا چوہدری شافع حسین اور سہیل شوکت بٹ سیلاب زدگان کا دکھ درد بانٹنے گجرات پہنچ گئے،ایک ہزار سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے فوارہ چوک گجرات میں ایک ہزار سیلاب متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگز، آٹا، دالیں، چنے، گھی، چاول، چینی اور صاف پانی کے جیری کین تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوجرانوالہ ارشاد وحید، ڈائریکٹر پروگرام مزمل یار، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد نواز اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر صنعت نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ کشمیر سے آنے والے سیلابی ریلے اور اربن فلڈنگ نے گجرات میں تباہی مچائی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی کا مشکور ہوں جنہوں نے گجرات سے نکاسی آب کے لیے دوسرے شہروں سے مشینری بھجوائی۔ وزیر اعلی کی ہدایت پر صوبائی وزرا اور سیکرٹریز بھی یہاں موجود رہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی گجرات، ریلیف کے اداروں اور این جی اوز نے سیلاب زدگان کی دن رات خدمت کی ہے۔نگران حکومت سے پہلے کے دور میں ترقیاتی منصوبوں میں ٹھیکیداروں سے 20 فیصد تک کمیشن وصول کیا جاتا تھا، یہی وجہ ہے کہ شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوا۔ ترقیاتی سکیموں میں کمیشن لینا ہمارے خاندان کی روایت نہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہماری حکومت نے چھ ماہ قبل ہی شہر کی ڈرینوں سے کچرا نکالا تھا، اسی وجہ سے اب ماضی کے برعکس صرف 8 گھنٹوں میں پانی کا نکاس ممکن ہو گیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے گجرات شہر کی ترقی کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے جن سے عالمی معیار کا سیوریج سسٹم قائم کیا جائے گا اور دیگر ترقیاتی منصوبے بھی مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے کہا کہ پنجاب اس وقت قدرتی آفت کی زد میں ہے۔

وزیر اعلی نے صرف ڈیڑھ سال کی مدت میں پنجاب سے برسوں کا گند صاف کیا اور اب وہ خود سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔ وزیر اعلی ہر متاثرہ خاندان کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور این جی اوز نے بھی مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوکر بہترین کردار ادا کیا ہے۔ڈی سی گجرات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کو راشن کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹاک کے لیے ونڈا بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے روزمرہ کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات