Live Updates

واٹر شیڈ کے موثر انتظام اور جدید ٹینالوجی و طریقے استعمال کرکے پانی کے بہائو کو کنٹرول کر سکتا ہے،میاں کاشف اشفاق

اتوار 14 ستمبر 2025 11:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ واٹر شیڈ کے موثر انتظام اور جدید ٹینالوجی و طریقے استعمال کرکے پانی کے بہائو کو کنٹرول کر سکتا ہے جبکہ دریائوں اور ندیوں کے ساتھ مقامی دیسی درخت اور بانس لگا کر سیلاب کے دبائو کو برداشت کرنے اور زمین کے کٹائو کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اتوار کو یہاں فلڈ مینجمنٹ کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈس بیسن سسٹم پاکستان کے حیاتیاتی تنوع اور زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، یہ ملک کے لیے ایک طاقتور انرجی انجن کے طور پر کام کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کی زمینوں کو سیلاب کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے اس کے باوجود انہیں کھیتی باڑی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور غیر قانونی آبادیاں بھی قائم ہیں،سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ راوی سمیت دریائوں کے اندر ہائوسنگ کالونیاں بنا دی گئی ہیں جن سے سیلاب کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ آئندہ بھاری نقصانات سے بچا جا سکے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان زرعی معیشت ہے جہاں کی70 فیصد آبادی کا انحصار کاشتکاری پر ہے،اس کے لیے پانی کا ذخیرہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سیلاب سے بچائو کے لیے طویل المدتی حکمت عملی ضروری ہے جس میں آبادیوں کو سیلاب سے محفوظ علاقوں میں منتقل کرنا، زمین کے کٹائو اور لینڈ سلائڈنگ کو کنٹرول کرنا، کلائوڈ برسٹ والے علاقوں میں پہاڑوں پر جال لگانا، تمام ممکن مقامات پر چھوٹے اور چیک ڈیموں کی تعمیر اور آبی گزرگاہوں کو صاف کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات