چینی اور پاکستانی اداروں کا بوٹینیکل گارڈن مینجمنٹ میں تعاون پر اتفاق، ایم او یو پر دستخط

اتوار 14 ستمبر 2025 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)عبد الولی خان یونیورسٹی مردان (AWKUM) اور چین کے شہر شنگھائی میں قائم چنشان بوٹینیکل گارڈن کے درمیان نباتاتی علوم اور زراعت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت ( ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔ اس معاہدے کا مقصد تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا اور زراعت و نباتاتی علوم میں باہمی سیکھنے کے مواقع کو بہتر بنانا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ عبد الولی خان یونیورسٹی کے شعبہ زراعت کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فضل صاعد نے سائن کیا، جو ان دنوں 1 تا 20 ستمبر 2025 کو شنگھائی میں منعقدہ "بوٹینیکل گارڈن مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ" کے بین الاقوامی تربیتی پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ڈاکٹر صاعد جو پاکستان سے اس تربیت میں شریک دو زرعی ماہرین میں سے ایک ہیں، نے گوادر پرو کو جمعہ کے روز بتایا کہ یہ پروگرام دنیا بھر کے ماہرین اور ماہرِ تعلیم کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر بوٹینیکل گارڈن مینجمنٹ ، پائیدار ترقی اور تحفظ میں بہترین تجربات اور علم کا تبادلہ ممکن بناتا ہے۔

یہ پروگرام چنشان بوٹینیکل گارڈن اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف بوٹینیکل گارڈنز کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد شرکاء ممالک کے درمیان مشترکہ تحقیق اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ڈاکٹر صاعد نے بتایا کہ اس مفاہمتی یادداشت میں چینی ادارے کی جانب سے تکنیکی معاونت، طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، اور AWKUM کے اساتذہ کی چین میں سیمینارز، سمپوزیمز اور دیگر متعلقہ تقریبات میں شرکت جیسے پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ AWKUM ایک وسیع رقبے پر ایک بوٹینیکل گارڈن قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے لیے وہ شنگھائی کے دوران چینی ادارے سے تکنیکی اور مالی معاونت حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔