ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی باعث تشویش ،فوری اقدامات کی ضرورت ،پاکستان ٹیکسٹائل کونسل

اتوار 14 ستمبر 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے برآمدات میں کمی بالخصوص ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کے رجحانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے، روزگار کے تحفظ، زرمبادلہ میں اضافے اور مسابقت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

پی ٹی سی کی تازہ ترین ماہانہ برآمدات رپورٹ برائے جولائی ۔اگست 2025 کے مطابق پاکستان کی مجموعی برآمدات 5.1 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.65 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہیں تاہم اگست 2025 میں برآمدات سالانہ 12.5 فیصد جبکہ ماہانہ 10 فیصد گر گئیں جو باعث تشویش ہیں۔ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا شعبہ جو کُل برآمدات کا تقریباً 63 فیصد ہے، شعبہ کی جانب سے جولائی۔

(جاری ہے)

اگست 2025 میں 3.21 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں جن میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن اگست 2025 میں برآمدات کم ہو کر 1.53 ارب ڈالر رہ گئیں جن میں سالنہ 7 فیصد جبکہ ماہانہ 9 فیصد کمی ہوئی ہے۔ کونسل نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اصلاحات نہ کی گئیں تو پاکستان کی عالمی منڈی میں پوزیشن مزید کمزور ہونے کا خدشہ ہے ۔ پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت سے برآمدی صنعتوں کے لیے علاقائی سطح پر مسابقتی توانائی نرخ،لیکویڈیٹی اور ٹیکس اصلاحات بشمول 72 گھنٹے میں خودکار ریفنڈز،اجرت اور محنت پالیسیوں کی ہم آہنگی علاقائی حریفوں ،HS 50–60 شعبے کی بحالی کے لیے اصلاحات اور کپاس کے معیار میں بہتری، ایزم بینک، ای ایف ایس اور ایل ٹی ایف ایف کو مضبوط بنا کر مالی معاونت کی فراہمی سمیت پالیسی استحکام کے لیے 5 سالہ قانونی تحفظ کے ساتھ فریم ورک کی تجاویز پیش کی ہیں۔

پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے کہا ہے کہ روزگار کے تحفظ، زرمبادلہ میں اضافے اور مسابقت کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔