Live Updates

ض*حب میں گھریلو صارفین گیس سے محروم، وزیراعظم کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

چولہے ٹھنڈے، بچے بھوکے سونے پر مجبور، حب کے عوام کا شدید احتجاج،سوئی سدرن گیس حکام کی نااہلی، حب کے عوام نے افسران کے تبادلے کا مطالبہ کردیا

اتوار 14 ستمبر 2025 18:25

د*حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) صنعتی شہر حب کے گھریلو صارفین کئی ماہ سے گیس کی شدید قلت کا شکار ہیں جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے مقامی افسران وزیراعظم کے واضح احکامات کے باوجود گیس فراہمی یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔یونین کونسل الہ آباد ٹان، بھٹ آباد، دودا گوٹھ، چھڑائی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں نے بتایا کہ گھریلو صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔

شہریوں کے مطابق صبح ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک گیس نایاب ہے، جس کے باعث بچے اکثر بھوکے سو جاتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں متبادل ایندھن خریدنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے، جس نے عام شہریوں کی کمر توڑ دی ہے۔مقامی مکینوں نے شکایت کی کہ حب میں موجود کمرشل و سی این جی اسٹیشنز کو تو وافر مقدار میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، لیکن گھریلو صارفین کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عوامی نمائندوں اور حکومتی اداروں کی بارہا نشاندہی اور درخواستوں کے باوجود سوئی گیس انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔اہلیانِ علاقہ نے صوبائی وزیر میر علی حسن زہری، وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان، سینیٹرز اور دیگر اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حب میں نااہل اور سفارش پر تعینات گیس افسران کا تبادلہ کیا جائے اور ایک ایماندار، فرض شناس افسر کو تعینات کیا جائے جو عوامی مسائل کو ترجیح دے کر گھریلو صارفین کو ریلیف دے سکے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر گیس فراہمی بحال نہ کی گئی تو وہ اپنے بچوں سمیت سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات